سرینگر//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے ریاست میں غنچہ ابریشم کی پیداوار اور معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے تا کہ غنچہ ابریشم کو مارکیٹ کی سہولیات فراہم کی جا سکے ۔ وزیر میر گنڈ پٹن میں جدید ریشم کے کیڑوں کے بیج تیار کرنے والے یونٹ کا افتتاح کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ یہ پلانٹ 1.15 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری ایگریکلچر پروڈیکشن ، سیکرٹری ایگریکلچر پروڈیکشن ، ڈائریکٹر سیری کلچر و محکمہ کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ہانجورہ نے کہا کہ ریشم کی صنعت کو ترقی دینے کے سلسلے میں حکومت ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے اور ریشن کے کیڑوں اور کچا ریشن تیار کرنے کیلئے خصوصی فنڈس کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریشم کے غنچے کسانوں کو منافع بخش صنعت ثابت ہوئی ہے اور اس سلسلے میں ریاستی حکومت کسانوں کو مختلف طریقوں سے مدد فراہم کر رہی ہے ۔ ہانجورہ نے کہا کہ ریشم کے غنچوں کو مارکیٹ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریاست و بیرونِ ریاستوں میں انتظامات کئے جا رہے ہیں تا کہ پچھلے برس کے مقابلے میں اس برس ریشم کے غنچے اچھی قیمت پر فروخت کئے جا سکیں ۔غنچہ ریشم کی پیداوار میں اضافہ کرنے اور اس کے معیار میں بہتری لانے کے سلسلے میں محکمہ جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کر چکا ہے تا کہ ان سکیموں کا فائدہ عام لوگوں تک پہنچایا جا سکے ۔ اس موقعہ پر وزیر نے غنچہ ابریشم سے تعلق رکھنے والے کسانوں و دیگر تاجروں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے ترجیح بنیاد پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ پرنسپل سیکرٹری ایگریکلچر پروڈیکشن نے اس موقعہ پر محکمہ کی کارکردگی کا خاکہ پیش کیا ۔