سرینگر//وزیر برائے زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے کل وزیر برائے تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی موجودگی میں تلسی باغ سرینگر میں محکمہ سریکلچر کے احاطے میں کولڈ سٹوریج پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔کولڈ سٹوریج پلانٹ1.25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے اور31 اکتوبر2017 ء اس کے مکمل ہونے کی توقع ہے۔وزیر نے کہا کہ کولڈ سٹوریج کے قیام سے غنچہ ابریشم کی حیات میں اضافہ ہوگا جس سے ریشم صنعت میں ایک نئی روح پیدا ہوگی۔ہانجورہ نے کہا کہ یہ سہولیت بنیادی طور کسانوں کے لئے قائم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توت کے درختوں کی کاشت کو بحال کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں سروے منعقد کیا جارہا ہے ہے۔انہوں نے کہا کہ ریشم کے کیڑے پالنے سے ریاست کے بے روز گار افراد کے لئے روز گار کے مواقعے پیدا ہوں گے۔ہانجورہ نے متعلقہ افسروں کو ریشم کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کو مستحکم بنانے پر زور دیا تا کہ ریشم کے غنچوں کی قیمت میں اضافہ ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ4 سے5 تک ریلنگ مراکز کی موجودگی میں کسانوں کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے کشمیر کی ریشم صنعت کی شانِ رفتہ بحال کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اس موقعہ پر محمد سعید الطاف بخاری نے کہا کہ راج باغ سلک فیکٹری کو بھی عنقریب بحال کیا جائے گا تا کہ ریشم صنعت کو فروغ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے توت کے درختوں اور بیجوں کے تحفظ و کاشت پر بھی زور دیا۔تقریب میں ناظم محکمہ ابریشم، ناظم زراعت، ناظم محکمہ پھولبانی، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایگرو انڈسٹریز، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، سریکلچر، محکمہ سریکلچر کے ضلع و تحصیل افسران موجود تھے۔