عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سینٹرل سلک بورڈ (CSB) حکومت ہند کے : ممبر سکریٹری پی سیوا کمار جو جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں نے کل ڈائریکٹوریٹ آف سیریکلچرمیں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر سیریکلچراعجاز احمدبٹ اورمحکمہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اعجاز احمد بٹ نے محکمہ کی طرف سے شروع کیے گئے مختلف اقدامات کا تفصیلی خلاصہ فراہم کیا۔ انہوں نے ان اسٹریٹجک اقدامات کا خاکہ پیش کیا جو کوکون کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے نافذ کیے گئے ہیں، جو جموں و کشمیر کی ریشم کی صنعت کا ایک اہم جزو ہے۔ ڈائریکٹر سیریکلچر نے ممبر سکریٹری کو محکمہ کے مختلف پروگراموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن میں بڑے پیمانے پر بیداری، ہنر مندی کی نشوونما، وسیع شجرکاری مہم، جموں و کشمیر کے قبائلی علاقوں میں لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے محکمے کی رسائی کے اقدامات، انفراسٹرکچر کی ترقی، اسٹیبلشمنٹ کا قیام شامل ہے۔ ممبر سکریٹری اور محکمہ کے افسران نے کوکون کی پروسیسنگ کے لیے مضبوط انفراسٹرکچر قائم کرنے کی حکمت عملیوں پر غور کیا، جس سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں قدر میں اضافہ ممکن ہو گا۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف مقامی ریشم کی صنعت کو فروغ دینا ہے بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ریشم کے کیڑے پالنے والوں، کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور ریشم کے شعبے سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کی معاشی خوشحالی کو بڑھانا ہے۔