ممبئی// بالی وڈ کے دبنگ اسٹارسلمان خان نے اپنی نئی فلم ریس ۔ 3 کے ساتھ 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہوکر نیا ریکارڈ بنالیا ہے ۔سلمان کی فلم ریس ۔3 عید کے موقع پر پانچ جون کو جلوہ گر ہوئی ہے یہ ان کی مسلسل 13 ویں فلم ہے جس نے باکس آفس پر100 کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی کی ہے ۔ریس ۔ 3 نے اب تک 120 کروڑ روپے سے زائد کمائے ہیں۔2010 میں سلمان کی فلم دبنگ آئی تھی۔ ابھینو کشیپ کی ہدایت میں بنی اس فلم نے باکس آفس پر 145 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ اس کے بعد 2011 میں ریڈی اور باڈي گارڈ ریلیزہوئی۔ فلم ریڈی نے 120 کروڑ جبکہ باڈي گارڈ نے 142 کروڑ روپے کی آمدنی کی تھی۔ 2012 میں سلمان کی دو فلمیں ریلیز ہوئیں اور دونوں فلموں نے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔فلم دبنگ۔ 2 نے 158 کروڑ اور' ایک تھا ٹائیگر ' نے 198 کروڑ روپے کمائے ۔ 2013 میں سلمان کی کوئی بھی فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی۔ اس کے بعد 2014 میں سلمان کی فلم 'جے ہو' نے 111 کروڑ روپے اور فلم' کک' نے 233 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔سال 2015 میں سلمان کی دو فلمیں 'بجرنگی بھائی جان' اور 'پریم رتن دھن پایو' منظرعام پر آئیں اور دونوں ہی فلمیں 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرنے میں کامیاب رہیں۔ کبیر خان کی ہدایت میں بنی فلم بجرنگی بھائی جان نے 320 کروڑ کی کمائی کی اور یہ سلمان کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے ۔وہیں سورج بڑجاتیا کی ہدایت میں بنی فلم پریم رتن دھن پایو نے باکس آفس پر 207 کروڑ کی کمائی کی تھی۔ اس فلم میں سلمان نے دوہرا کردار نبھایا تھا۔سال 2016 میں سلمان خان کی فلم 'سلطان' نے باکس آفس پر 300 کروڑ روپے کمائے ۔2017 میں کبیر خان کی ہدایت میں بنی فلم ٹیوب لائٹ نے 121 کروڑ روپے کی آمدنی کی اور 2017 میں کرسمس کے موقع پر سلمان خان کی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے ' آئی جو ان کی ہی سپرہٹ فلم 'ایک تھا ٹائیگر'فلم کاسیکویل ہے ، نے باکس آفس پر 300 کروڑ روپے سے زائد کمائے ۔یو این آئی