سرینگر //وادی کے ریستوران مالکان نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان کی تجارت جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دی جائے۔ لوگوں کو ریستورانوں سے غذائی اجناس گھر لے جانے اور ہوم ڈیلی وری کی اجازت دینے کی اپیل کرتے ہوئے ریستوراں مالکان نے کہا ہے کہ اس طرح سے تباہ شدہ انڈسٹری کو کچھ حد تک سہارا مل سکتا ہے۔ ریستوران اونرس ایسوسی ایشن آف کشمیر کے صدر شیخ فیروز کی سربراہی میں ایک وفد ڈپٹی کمشنرسے ملاقی ہوا اور انہیں درپیش مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ریستوراں بزنس گزشتہ دو سال کے دوران مسلسل نقصان سے دوچار ہے اور اس کے نتیجے میں اس انڈسٹری کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ خاص طور سے وہ ریستوراں ،جو حالیہ برسوں کے دوران نوجوانوں کی جانب سے قائم کئے گئے تھے، بری طرح نقصان کا شکار ہوچکے ہیں کیونکہ ان تجارتی یونٹس کو اپنے قیام کے ساتھ ہی بھاری نقصانات سے دوچار ہوجانا پڑا ہے۔انتظامیہ ریستورانوں کو جزوی طور پر اپنی تجارت بحال رکھنے کی اجازت دے کر انہیں مزید تباہی سے بچا سکتی ہے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ لوگوں کو ریستورانوں سے غذائی اشیا گھر لے جانے اور ہوم ڈیلی وری کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی جائے۔