ریزرویشن کوٹہ 70فیصد کرنیکا خدشہ طلاب کاعدالت عالیہ سے رجوع کرنیکا فیصلہ

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// ریزرویشن کوٹہ کو 70 فیصد کرنے کے خدشہ کے پیش نظرجموں و کشمیر طلبا کی تنظیم نے عرضی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن، جو کہ جموں و کشمیر کے طلبا کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والا ملک بھر میں سب سے بڑا اسٹوڈنٹ نیٹ ورک ہونے کا دعوی کرتی ہے، نے کہا کہ 70% ریزرویشن کوٹہ کا نفاذ بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی کرتا ہے۔ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا”جے اینڈ کے اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن عدالت میں ریزرویشن کے خلاف درخواست دائر کرے گی اور ریزرویشن بڑھانے کے فیصلے پر روک لگانے کے لیے عدالت سے مداخلت کی درخواست کریں گے۔ تمام طلبا کے لیے میرٹ کو غالب ہونا چاہیے،” ۔

 

بیان میں کہا گیا ہے”ہم نے لیفٹیننٹ گورنر سے طلبا کے خدشات کے بارے میں ملاقات کیلئے وقت مانگا ہے۔ اس کے علاوہ ہمارا وفد متعلقہ وزرا ء اور اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کرے گا‘‘۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کا موقف کسی برادری، علاقے، مذہب یا عقیدے کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا”ہماری تشویش صرف ریزرویشن سسٹم کے اندر انصاف اور توازن پر ہے۔ جب کہ ہم ریزرویشن کے اصول کی حمایت کرتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ 30% اوپن میرٹ تناسب سے زیادہ 70% ریزرویشن غیر متناسب اور غیر منصفانہ ہے۔ یہ غیر متناسبیت میرٹ پر مبنی نقطہ نظر کو نقصان پہنچاتی ہے جو مساوی مواقع اور عمدگی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے‘‘۔جموں و کشمیر میں پہاڑیوں اور دیگر قبائل کے لیے علیحدہ 10% ریزرویشن کا اعلان کیا ہے۔اوپن میرٹ کے خواہشمند انہیں محض 30 فیصد تک کم کرنے پر ناراض ہیں۔