کٹھوعہ//ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کٹھوعہ نے ضلع ترقیاتی کمشنرکی صدارت میں منعقد ہ ایک میٹنگ کے دوران 72 نئے روٹ پرمٹوں کومنظوری دی ہے۔اس دوران میٹنگ میں متعلقہ اتھارٹیز نے مختلف روٹوںپرٹرانسپورٹ کی سہولت کے ناقص بندوبست اور اوورلوڈنگ کے پیش نظر نئے روٹ پرمٹوں کی منظوری کافیصلہ لیا۔اس موقعہ پر آرٹی او نے ڈرائیوروں کوہدایت دی کہ وہ ڈرائیورنگ کرتے وقت وردی پہنیں اور نجی ٹرانسپورٹ میں ٹکٹنگ کے نظام کو لاگوکریں۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنرکٹھوعہ رمیش کمارکی صدارت میں روڈ سیفٹی کمیٹی کی میٹنگ منعقدہوئی جس میں ٹریفک ریگولیشن ، اڈنٹی فکیشن اورپارلنگ کے معاملات پرغوروخوض کیاگیا اور موثرروڈ سیفٹی نظام کی عمل آوری پرزوردیاگیا۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے سابقہ میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کاجائزہ لیا ۔اس موقعہ پر افسران پرزوردیاکہ وہ نیشنل روڈسیفٹی پالیسی 2010 اور عدالت عظمیٰ کی ہدایات کوعملی جامہ پہنائیں۔اس دوران چیف ایجوکیشن افسرسے کہاکہ وہ سکول بسوں سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات کی عمل آوری کیلئے سکولوں کوپابندبنائیں اوران بسوںمیں سپیڈگورنرکی تنصیب اورلائسنس یافتہ ڈرائیوریقینی بنائیں۔اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی عمل آوری کیلئے بیداری پروگراموں کے انعقاد پرزوردیاگیا۔اس دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا، بی آراواورپی ڈبلیو ڈی سے کہاگیاکہ وہ ہائی وے پرکرینوں کے ساتھ گشت ، سائن بورڈوں کی تنصیب ، حادثاتی مقاما ت پربلنکرس ، جھاڑیوں کی صفائی کے عمل میں تیزی لائیں۔اس دوران میٹنگ میں ایس ایس پی کٹھوعہ، اے ڈی سی، ڈی سی ایکسائز لکھن پور ، ایس ڈی ایمز ، ایس پی ٹریفک، سی ایم او، سی ای او ، اے آرٹی او، انجینئرزاورنیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا، گریف اوراین وائی کے کے نمائندے موجود تھے۔