سرینگر // نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے گاندربل میں نالہ سندھ سے ریت اوربجری نکالنے پر عائد کی گئی پابندی کو فوری طور ہٹانے کی مانگ کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سے جڑے سینکڑوں لوگ بےکار ہو گئے ہیں جن کی روزی روٹی کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کنگن اور گاندربل سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں غریب مزدروں کا انحصار اسی کام پر ہے اور حکومت نے اگر اس پر پابندی نہیں ہٹائی تو سینکڑوں افراد متاثر ہونگے ۔میاں الطاف نے کہا کہ سرکار جان بوجھ کر غریب لوگوں کو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس حکمنامے کو جلد از جلد واپس لیا جائے تاکہ ممکنہ امن وقانون کی صورتحال کے پیدا ہونے سے بچا جا سکے ۔