پلوامہ +شوپیان //جنوبی کشمیر میں جنگجوئوں کے اہل خانہ کی گرفتاری اور انکے مکانات کو نذر آتش کرنے کی کارروائیان شروع کردی گئیں ہیں۔ پلوامہ میں حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر کے والد ریاض نائیکو کے عمر رسیدہ والد کو گرفتار کیا ہے۔ریاض احمد نائیکوکے معمر والد 70سالہ اسد اللہ نائیکو ساکن بیگ پورہ اونتی پورہ کو دوران شب پولیس نے چھاپے کے دوران گرفتار کیا ۔پولیس نے کمانڈر ریاض نائیکو کے والد کے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاانہیں پوچھ تاچھ کے لئے تھانے لایا گیا ۔ پولیس نے ڈوگری پورہ پلوامہ میں شبانہ چھاپے کے دوران لشکرطیبہ سے وابستہ جنگجولطیف ٹائیگرکے والدغلام حسن اوردوسگے بھائیوں زبیراحمدوندیم احمدکوگرفتارکرلیا۔پولیس نے بتایاکہ باپ بیٹوں کوگرفتارنہیں کیاگیابلکہ پوچھ تاچھ کیلئے لایاگیا۔ادھرشوپیان کے مضافات میں امشی پورہ گائوں میں دوران شب قریب 12 بجکر 30 منٹ پر فورسز نے حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجو شاہجہاں عرف عمر خطاب کے مکان کو نذر آتش کیا۔ اسکے علاوہ امشی پورہ کے ہی جنگجو وسیم احمد اور نازنین پورہ کے نوید احمد کے گھروں میں گھس کر لاکھوں روپیہ املاک کی تھوڑپھوڑ کی گئی۔نازنین پورہ میں بھی مکان کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن لوگوں نے مکان کو بچا لیا۔شاہجہاں کے والد عبدالحمید میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی شب وردی پوش فورسز کے اہلکار زبردستی گھر میں گھس گئے اور بلاوجہ تھوڑ پھوڑشروع کر دی۔ اسکے کچھ پل بعد ہی انہوں نے گھر میں آگ لگادی اوربھاگ گئے۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے بعد میں آگ پر قابو پالیا تاہم تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ مجید میر نے مزید کہا کہ آے دن ہمیں بلاوجہ ہراساں کیا جارہا ہے، مکانوں کو جلایا جارہاہے۔ انہوں نے حکومتی عہدیداروں اورگورنر سے اپیل کی کہ وہ اس تشویشناک صورتحال میں مداخلت کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے عسکریت پسندی کا راستہ اپناتے میں والدین کا کوئی قصور نہیں ہے۔ادھر نازنین پورہ کیگام شوپیان میں اسی طرح کے واقعہ میں فورسز نے حزب المجاہدین کے سرگرم جنگجوسید نوید کے گھر میں رات قریب 1بجے گھس کر تھوڑ پھوڑ کی۔نوید کے رشتہ داروں کے مطابق فورسز نے بلا کسی وجہ تمام گھریلو سامان تہس نہس کرنے کے علاوہ مکان کو شدید تقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے پہلے بجلی سپلائی بند کی اور بعد میں دوسری منزل پر چڑھ کر ایک کمرے میں آگ لگادی اور بھاگ گئے لیکن گھر والوں اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ان واقعات کیخلاف امشی پورہ اور نازنین پورہ میں لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور نعرے بازی کی۔