عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//یونیورسل چلڈرنز ڈے کے تحت فوج نے ضلع ریاسی کے دور افتادہ گاؤں بٹسیالہ میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور آگاہی کے لئے ایک بیداری لیکچر کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد نہ صرف بچوں بلکہ والدین، اساتذہ اور مقامی برادری کو بچوں کے بنیادی حقوق اور ان کی حفاظت سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنا تھا۔لیکچر کے دوران فوجی افسران نے بچوں کے بنیادی حقوق جیسے تعلیم کا حق، صحت و تغذیہ کا حق، تحفظ کا حق اور فیصلہ سازی میں شرکت کے حق پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر بچوں کو درپیش خطرات جیسے چائلڈ لیبر، کم عمری کی شادی، گھریلو تشدد اور آن لائن جرائم سے بچاؤ کے طریقے بھی بیان کئے گئے۔ فوجی اہلکاروں نے واضح کیا کہ بچوں کا تحفظ صرف گھروں تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔شرکاء کو حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں، ہیلپ لائن نمبرز اور قانونی سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا جن کے ذریعے بچوں کے استحصال کی صورت میں فوری مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ پروگرام میں مقامی دیہاتیوں، اساتذہ، طلبہ اور سماجی کارکنوں نے بھرپور حصہ لیا۔بچوں اور والدین کے لئے سوال و جواب، مباحثوں اور عملی مثالوں پر مشتمل سیشن بھی رکھا گیا جس سے شرکاء کی سمجھ میں مزید اضافہ ہوا اور انہیں بچوں کے حقوق کے تحفظ میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب ملی۔فوج نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ دور دراز علاقوں میں آگاہی، تعلیم اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینے کے لئے ایسے پروگرام جاری رکھے گی تاکہ بچے محفوظ ماحول میں پروان چڑھ سکیں اور ملک کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔