عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی //گورنمنٹ ڈگری کالج ریاسی میں سیشن 2025-26 کے ’’سمر انٹرن شپ پروگرام‘‘ کی اختتامی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ یہ تربیتی پروگرام ریپچر بائیو ٹیکنالوجی جموں کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا، جس میں بایوٹنی، کیمسٹری اور زولوجی کے سمسٹر پنجم کے طلباء نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران طلباء کو بائیو ٹیکنالوجی کی جدید تکنیکوں، تجزیاتی طریقہ کار، اور لائف سائنسز کے میدان میں ملازمت کے مواقع بڑھانے کے لئے عملی تربیت فراہم کی گئی۔تقریب کا آغاز پروفیسر رومیش کمار اْتری، سربراہ شعبہ نباتات و پروگرام کوآرڈی نیٹر، کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت مہارت کی ترقی اور روزگار کے مواقع کے فروغ میں اس پروگرام کی افادیت پر روشنی ڈالی اور ریپچر بائیو ٹیکنالوجی جموں کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کی نمایاں جھلک ڈاکٹر امبیکا سلاتھیا، ڈائریکٹر ریپچر بائیو ٹیکنالوجی جموں، کا مدعو لیکچر تھا، جنہوں نے موضوع ’وکشٹ بھارت 2047 کے ہدف کے حصول کے لئے نوجوانوں کی مہارت، ایک مددگار آلہ کے طور پر بائیو ٹیکنالوجی‘‘ پر خطاب کیا۔ انہوں نے زراعت، صحت اور ماحولیات میں بائیو ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی اور طلباء کو پیشہ ورانہ و مہارتی تربیت کے ذریعے خودمختاری حاصل کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر جی ڈی سی ریاسی اور ریپچر بائیو ٹیکنالوجی جموں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے، جس کا مقصد تربیت، تحقیق اور طلباء کے روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔کالج کے پرنسپل پروفیسر اشوک شرما نے اپنے صدارتی خطاب میں پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے باہمی تعاون کے اقدامات قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی روح کے عین مطابق ہیں، جو مہارت و تعلیم کے امتزاج کو فروغ دیتے ہیں۔تقریب میں پروفیسر روی کانت شرما، ڈاکٹر سنجے کوتوال، ڈاکٹر ستیش کمار، پروفیسر کیول کرشن، پروفیسر بلدیو شرما اور ڈاکٹر انیشتا سمیت دیگر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام شکریہ کے کلمات اور گروپ فوٹو کے ساتھ ہوا۔