عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع کے چسانہ تھانہ علاقے میں پیش آنے والے ایک المناک کار حادثے میں دو سرکاری اسکول کے اساتذہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔حکام نے بتایا کہ حادثہ اتوار کی شام اس وقت پیش آیا جب ایک آلٹو کار جس کا رجسٹریشن نمبر JK20B 1024 تھا ریاسی کے چسانہ علاقے کے چمیلو موڑ کے قریب ایک گہری کھائی میں جا گری۔انہوںنے کہا کہ حادثے میں دو مسافر، دونوں سرکاری اساتذہ، اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو دیگر مسافروں کو شدید چوٹیں آئیں۔حکام نے مرنے والوں کی شناخت غلام دین اور محمد امین کے طور پر کی ہے، دونوں استاد پیشے کے اعتبار سے ریاسی کی تحصیل چسانہ کے علاقے ہموسن کے رہائشی تھے۔دو زخمی کمسن بچوں کی شناخت سمیرا غلام اور سجاد غلام کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں علاج کے لئے قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔