عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ایڈونچر، جوش و جذبے اور چیلنجز سے بھرپور زندگی کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں کے لئے دفاعی خدمات میں کیریئر اختیار کرنا ایک سنہری موقع ہے۔ اپنے خوابوں کی تکمیل اور مادرِ وطن کی خدمت کا یہ راستہ ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔اسی جذبے کو پروان چڑھانے کے لئے ہندوستانی فوج نے ریاسی کے چکل سالتہ علاقے میں ایک حوصلہ افزا لیکچر کا انعقاد کیا۔اس پروگرام کے دوران نوجوانوں کو بھارتی فوج میں شمولیت کے مختلف راستوں، انٹری اسکیمز اور بھرتی کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ ’اگنی پتھ بھرتی اسکیم‘ کے بارے میں خصوصی طور پر روشنی ڈالی گئی، تاکہ نوجوان اس نئی اسکیم کے ذریعے فوج میں شمولیت کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔لیکچر میں نوجوانوں کو اپنے خوابوں پر توجہ مرکوز کرنے، محنت کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دی گئی۔اس پروگرام میں بڑی تعداد میں نوجوانوں، بشمول لڑکیوں نے پرجوش انداز میں شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے اس تعلیمی اور ترغیبی پہل کے لئے ہندوستانی فوج کا شکریہ ادا کیا۔اس قسم کی مثبت تقریبات نہ صرف نوجوان ذہنوں کو درست راستہ اختیار کرنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ ان کی کردار سازی، قومی تعمیر اور مثالی شہری بننے کے سفر میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔