عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی// جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں ہفتہ کے روز ایک مبینہ مویشی سمگلر کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ پونی تحصیل کے گاؤں کوٹھیان کا رہائشی محمد اعظم ایک بدنام زمانہ پشو تسکر ہے، جو کئی مقدمات میت مطلوب تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسے گرفتاری کے بعد کوٹ بھلوال جیل میں رکھا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ اعظم کا ڈوزیئر ریاسی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امت گپتا کی ہدایت پر تیار کیا گیا تھا اور اسے ضلع مجسٹریٹ کو پیش کیا گیا تھا جنہوں نے سخت پی ایس اے کے تحت اس کی حراست کا باقاعدہ حکم جاری کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اعظم کا نام گزشتہ تین سالوں میں راجوری، ریاسی اور جموں کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات اور جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے قانون کے تحت درج پانچ ایف آئی آر میں درج کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گائے کی سمگلنگ اور دیگر مختلف قسم کے مجرمانہ مقدمات میں اس کے مسلسل ملوث ہونے کے پیش نظر اور عام لوگوں کی حفاظت کے لیے اس کے خلاف سخت قانون کے تحت مقدمہ درج کرنا ضروری تھا۔