شاہ نواز
ریاسی//ضلع ریاسی میں مسلسل ہو رہی موسلادھار بارشوں نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں ضلع بھر کی متعدد اہم سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور مختلف علاقوں میں ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ضلع انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر آج تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کئے۔ریاسی سے درماڑی اور مہور کی طرف جانے والی گریف سڑک بھاری پسیاں گرنے کے سبب دن بھر بند رہی جسے شام دیر گئے بحال کیا گیا تاہم، مہور سے چسانہ راجوری کی جانب جانے والی سڑک بدستور بند ہے۔ خاص طور پر بدورہ کے مقام پر جہاں چند ماہ قبل پل گر گیا تھا، وہاں اب عارضی نالہ راستہ بھی خطرناک ہو چکا ہے کیونکہ پانی کی سطح انتہائی بلند ہو چکی ہے۔سب ڈویژن مہور و درماڑی میں دیگر کئی رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہیں۔ متعدد مقامات سے بجلی و پانی کی فراہمی متاثر ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دوسری جانب علاقہ گلاب گڑھ کے ادبیس گاؤں میں زیتون بیگم زوجہ مرحوم عبد الرحمن ناگ کا کچا مکان موسلادھار بارش کے باعث زمین بوس ہو گیا۔ اس اندوہناک واقعے میں ایک کمسن بچہ اور ایک بھینس جاں بحق ہو گئے۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات جیسے بجلی، پانی، اور آمدورفت کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔