عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ریاسی میں ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما کی صدارت میں ضلعی ترقیاتی رابطہ و نگرانی کمیٹی (DISHA) کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس کا مقصد مرکزی حکومت کی اسکیموں (CSSs) اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔اس میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین سرف سنگھ ناگ، ایم ایل اے ریاسی کلدیپ راج دوبے، ایم ایل اے ماتا ویشنو دیوی جی بالدیو راج شرما، وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی ساجرا قادری، ڈپٹی کمشنر ن ایس ایس پی پرم ویر سنگھ، اے ڈی ڈی سی سکھ دیو سنگھ سمیت مختلف ترقیاتی محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر نِدھی ملک، جو دیکشہ کمیٹی کی ممبر سیکریٹری بھی ہیں، نے ضلع میں فلیگ شپ اسکیموں اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی جسمانی و مالی پیش رفت پر تفصیلی پاورپوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی۔ایم پی جگل کشور نے دہلی-امرتسر-کٹرہ ایکسپریس وے، بی ایم جی روڈ، رام روڈ اور دیگر مرکزی اسکیموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ مقررہ وقت میں تمام اہداف مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور مختص بجٹ کا درست استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ میٹنگ کے دوران پیش کئے گئے تمام مسائل اور تجاویز پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور محکموں کے درمیان قریبی تعاون سے کام کو مکمل کیا جائے۔جگل کشور نے ڈی ڈی سی چیئرمین، ایم ایل ایز اور دیگر عوامی نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی نمائندوں اور افسران کو مل کر فیلڈ وزٹ کرنے چاہئیں تاکہ منصوبوں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کی انسداد منشیات مہم ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ کے تحت کی گئی کوششوں کو سراہا اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کو ایک محفوظ اور نشہ سے پاک معاشرہ قائم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ایم پی نے پی ایم ، پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا، انٹیگریٹڈ واٹرشیڈ اور سمگر شکشا ابھیان جیسی اسکیموں پر بھی خصوصی زور دیا اور ان کی معیاری و فوری عمل درآمد کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وزیر اعظم کی کشمیر آمد اور وندے بھارت ٹرین کے آغاز نے خطے کو نئی ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ اس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ معاشی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔