عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//عالمی یومِ یوگا کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ضلع ریاسی میں مختلف محکمہ جات کا اجلاس ڈپٹی کمشنر ندھی ملک کی صدارت میں منعقد ہوا۔منصوبے کے مطابق، یوگا کے عالمی دن کو بھرپور طریقے سے منانے اور عوام میں صحت کے فوائد کو فروغ دینے کے لئے جنرل زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم میں علی الصبح ایک میگا یوگا سیشن منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سب ڈویژن سطح پر، کالجوں، اسکولوں اور سیاحتی مقامات پر بھی یوگا کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ آیوش کو ہدایت دی کہ وہ یوگا میٹ، ٹی شرٹس اور تربیت یافتہ انسٹرکٹرز کی تعیناتی جیسے تمام انتظامات بروقت مکمل کریں۔ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام مقامات پر طبی عملہ اور ایمبولینسز کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای کو شرکاء کے لئے صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، جبکہ ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی کو صفائی کے انتظامات کی نگرانی سونپی گئی۔تمام سب ڈویژنل مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں یومِ یوگا کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ڈپٹی کمشنر ندھی ملک نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کریں اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ عالمی یوم یوگا کو کامیابی سے منایا جا سکے۔