عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلعی محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ریاسی کے زیر اہتمام جنرل زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم میں ضلعی سطحی انٹر زونل اسپورٹس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ندھی ملک نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لئے محکمہ کی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھرپور شرکت کی تلقین کی۔تقریب میں ریاسی کے مختلف زونز سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد طلباء نے والی بال، کبڈی، کھو کھو، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور کشتی جیسے کھیلوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، خود اعتمادی، ذمہ داری اور بھائی چارے جیسے اوصاف بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کھیلوں کے میدان میں نوجوانوں کے جوش و خروش کو برقرار رکھنے پر بھی مبارکباد دی۔ضلع یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر ترسیم سنگھ نے بتایا کہ اپریل 2025 سے اب تک ضلع بھر میں 30,000 سے زائد طلباء نے اسکول سطح پر مختلف کھیلوں میں حصہ لیا، جب کہ 4,000 طلبہ انٹر اسکول مقابلوں میں شریک ہوئے۔تمام شرکاء نے اسپورٹس مین شپ، دیانت داری اور فیئر پلے کے اصولوں کی پاسداری کا عہد کیا۔ اس موقع پر آبزرور ہریندر سنگھ، اسپورٹس کونسل انچارج اعجاز احمد میر، ایکٹیویٹی انچارج کلدیپ کمار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ریاسی میں ضلعی سطحی انٹر زونل اسپورٹس مقابلوں کا افتتاح ۔400 سے زائد طلباء نے مختلف کھیلوں میں شرکت کی
