عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو خود کفیل بنانے اور کاروباری مواقع کی فراہمی کے لئے جاری عالمی بینک کی معاونت سے چلنے والے ریسنگ اینڈ ایکسلریٹنگ ایم ایس ایم ای پرفارمنس (RAMP) پروگرام کے تحت گورنمنٹ آئی ٹی آئی ریاسی میں منعقدہ انٹرپرینیورشپ اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام (ESDP) کا جے کے ٹی پی او اور جے کے ای ڈی آئی کے اعلیٰ افسران نے دورہ کیا۔اس موقع پر سیکریٹری صنعت و تجارت محکمہ، خالد جہانگیر، ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی اور منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی پی او، سدھیر کمار نے دیگر افسران کے ہمراہ تربیتی پروگرام کا جائزہ لیا۔ وفد نے تربیت حاصل کرنے والے شرکاء سے ملاقات کی اور ان کے تجربات سنے۔ اس تربیتی پروگرام کا آغاز 5 مئی کو ہوا تھا اور یہ کل چار ہفتے پر مشتمل ہے۔تربیتی پروگرام میں کل 33 شرکاء شامل ہیں جن میں 22 خواتین اور 11 مرد شامل ہیں، جو کاروبار کی دنیا میں قدم رکھنے کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر ادارے کے پرنسپل انجینئر راجیش کمار بنوترہ نے شرکاء اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ دیگر اہم شخصیات میں ضلع نوڈل آفیسر ابھیلاش کمار برارو، ٹرینر وسیم حسین میر، پروگرام ریویور ویر پرتاپ سنگھ اور سی این ای سی انچارج بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایم ڈی جے کے ٹی پی او سدھیر کمار نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس پروگرام کے ذریعے جموں و کشمیر میں نچلی سطح پر کاروبار کو فروغ دینے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی نمایاں شرکت اس بات کی غماز ہے کہ ریاست میں خواتین بھی کاروبار کے شعبے میں آگے بڑھنے کے لئے پْرعزم ہیں۔سیکریٹری خالد جہانگیر نے ای ایس ڈی پی پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت نہ صرف مہارت سکھاتی ہے بلکہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کا اعتماد بھی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 1.5 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ ریاست بھر میں 108 تربیتی پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں، جن کا ہدف 3,240 افراد کو تربیت دینا ہے۔ای ایس ڈی پی پروگرام میں کاروباری منصوبہ بندی، مارکیٹنگ، مالیاتی نظم و نسق، فیلڈ وزٹ، اور کاروباری ماڈلنگ جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جموں و کشمیر حکومت نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کتنی سنجیدہ ہے۔