عظمیٰ نیوزسروس
کٹراہ //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹرا ہ میں ویشنو دیوی شرائین بورڈ کی 75ویں میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں نئے تشکیل دئیے گئے بورڈ کے ممبران مہامنڈلیشور سوامی وشویشور آنند گِری مہاراج ، بلیشور رائے ، ڈاکٹر اشوک بھان ، سُدھا مورتی ،گُنجن رانا ، ڈاکٹر کے کے تلوار ، کلبوشن آہوجا ،للت بھسین اورسریش کمار شرما نے شرکت کی ۔لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم وی ڈی ایس بی انشول گرگ بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے نئے ممبروں کا پُرتپاک استقبال کیا جس میں ان کے سپرد کردہ اعتماد اور ذمہ داری کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے شرائین کو سنبھالنے اور اس کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں بورڈ کے اہم کردار پر زور دیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اعتماد کا اظہار کیا کہ نئے ممبران بورڈ کے اقدامات میں نمایاں شراکت کریں گے، اس کے مقاصد کو آگے بڑھائیں گے اور شرائین کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے ۔ انہوں نے بورڈ کے سابق ممبروں کی سرشار خدمات اور اہم شراکتوں کا بھی اعتراف کیا اور ان کے دور میں فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی قیمتی شراکت کی تعریف کی ۔ بورڈ نے اپنے ماضی کے فیصلوں کا ایک جامع جائیزہ لیا ۔ بورڈ نے مختلف جاری اور نئے منصوبوں کے بارے میں متعدد اہم فیصلے کئے جن میں بھون میں منوکامنا کے علاقے کو ایگزٹ ٹریک کی تعمیر اور دوبارہ تشکیل دینے ، کٹرا میں ایک ہیلی پیڈ کی ترقی ، نیو ویشنوی بھون ، کٹرا سپورٹس سٹیڈیم کے قریب کاٹیجز ، سانجھی چھت سے یاترا ٹریک کی چوڑائی کے علاوہ یاتریوں کیلئے سہولیات اور خدمات میں بہتری لانا بھی شامل ہے ۔ میٹنگ میں ولیج ہٹ میں نئے ہیلی پیڈ پروجیکٹ کی حیثیت کا جائیزہ لیا گیا جوشیو کھوڑی شرائین بورڈ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے اور جسے بارڈر روڈ آرگنائیزیشن انجام دے رہا ہے ، کی تاخیر پر بورڈ نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور بی آر او کو ہدایت دی کہ وہ اکتوبر 2025تک اس پروجیکٹ کو مکمل کریں ۔ ہیلی پیڈ کا مقصد یاتریوں کیلئے ہموار اور آسان سہولت فراہم کر کے شیو کھوڑی شرائین کی طرف سے یاتریوں کو بہتر سہولت فراہم کرنا ہے ۔ بورڈ نے شرائین کے علاقے میں قابل تجدید شمسی توانائی کے اقدامات پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا۔ بورڈ نے صفائی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کیلئے سیوریج کے ایک جامع نیٹ ورک کی منظوری دی جس میں شرائین کے علاقے میں صد فیصد اداروں کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یاتری فیڈ بیک سسٹم کا جائیزہ لیا اور ہدایت دی کہ وہ ماہانہ نگرانی اور یاتریوں کی شرکت کی فعال حوصلہ افزائی کے ساتھ تمام خدمات کا احاطہ کرے تا کہ خدمت کی فراہمی میں مستقل بہتری کو یقینی بنا یا جا سکے ۔ بورڈ نے سی ای او ایس ایم وی ڈی ایس بی کو بھی ہدایت دی کہ وہ یاتریوں کی مدد کیلئے رضاکانہ خدمات میں شامل ہونے کے امکان کو تلاش کریں تا کہ یاترا کے راستے پر ان کے معاملات کو حل کریں اور رہنمائی فراہم کریں اور یاترا کے دوران ان کے مجموعی تجربے اور مدد میں اضافہ کریں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید ہدایت دی کہ یاترا کے راستے پر کمزور مقامات کی نشاندہی کریں اور لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کے ممکنہ خطرات کو دور کرنے اور ان کو کم کرنے کیلئے ضروری اقدامات پر عمل درآمد کریں اور یاتریوں کیلئے محفوظ ماحول کو یقینی بنائیں ۔ بورڈ نے لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے ایس جی سی کٹرا میں ایک انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنڑول سنٹر اور 7سب کنٹرول سنٹر کے افتتاح کے ساتھ شرائین کے علاقے میں حفاظتی اقدامات میں اضافے کیلئے ان کی تعریف کی ۔ بورڈ نے جولائی 2025میں ریاسی ضلع میں تعمیر کردہ 5مندروں کو عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ لیا ۔ بورڈ نے ایس ایم وی ڈی چیریٹیبل سوسائٹی کے تحت اداروں کیلئے مالی اعانت کا جائیزہ لیا اور گوروکُل اسپتال ، سپورٹس کملیکس ، کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل کالج سمیت گرانٹ ان ایڈ کے ذریعہ ان کی کارروائیوں اور سرگرمیوں کی حمایت کرنے کیلئے ان کی منظوری دی ۔ میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے بیٹری کار پارکنگ اسٹینڈ ، بیرونی گپھا شیڈ ، سیلف سروس کیوسک /ڈیجیٹل کیش رجسٹر اور سمارٹ لاکرز سمیت یاتریوں کیلئے متعدد سہولیات کا افتتاح کیا ۔ اس سے قبل ایس ایم وی ڈی ایس بی کے سی ای او انشول گرگ نے شرائین بورڈ کی مختلف سرگرمیوں اور بورڈ کی پچھلی میٹنگوں میں لئے گئے مختلف فیصلوں کے نفاذ کے سلسلے میں کی جانے والی کارروائی کے بارے میں ایک تفصیلی پیش کش کی۔