شاہ نواز
ریاسی // ضلع ریاسی میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس نے عوامی زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ سڑکوں کی تباہ حالی بیانک منظر پیش کر رہی ہے، جبکہ درجنوں رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ زرعی زمینیں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور کھڑی فصلیں مکمل طور پر برباد ہوگئی ہیں۔ بارشوں نے نہ صرف سرکاری و نجی املاک کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا ہے بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع کی بھی اطلاعات ہیں، جس سے مقامی آبادی شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔مسلسل بارشوں کے نتیجے میں ضلع بھر میں آمد و رفت کا نظام تقریباً مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ کئی دیہات کا رابطہ ضلع ہیڈکوارٹر سے منقطع ہوگیا ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر ملبے کے ڈھیر نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ لوگ اشیائے ضروریہ کی قلت کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔ایس ڈی ایم مہور شفقت مجید بٹ نے بتایا کہ سب ڈویژن مہور میں اب تک تقریباً 60 خاندانوں کو جن کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے، محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث کئی گھروں کے گر جانے یا ناقابل رہائش ہوجانے کے بعد متاثرہ افراد کو قریبی سرکاری عمارتوں جیسے سکولوں، پنچایت گھروں اور دیگر ڈھانچوں میں پناہ دی جا رہی ہے۔ایس ڈی ایم نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں کے ملازمین کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ دن رات متحرک رہیں اور عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔مقامی ذرائع کے مطابق، کئی دیہات میں گھروں کے منہدم ہونے کے بعد لوگ کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بیمار اور ضعیف افراد کے لئے طبی امداد پہنچانے میں بھی رکاوٹیں حائل ہیں۔زرعی شعبہ بھی اس آفت سے شدید متاثر ہوا ہے۔ دھان، مکئی اور دیگر فصلیں پانی میں بہہ گئیں ہیں، جس کے باعث کسانوں کو بڑے مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔ مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ ان کی سال بھر کی محنت برباد ہوچکی ہے اور وہ حکومتی مدد کے منتظر ہیں۔عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر راشن، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا ہے کہ کسانوں اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنی زندگی دوبارہ شروع کرسکیں۔شدید بارشوں نے ضلع ریاسی میں قدرتی آفات کی ایک نئی لہر کو جنم دیا ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال مزید بگڑتی جارہی ہے اور لوگ دعا گو ہیں کہ بارش کا سلسلہ جلد از جلد تھم جائے تاکہ وہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔