عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ریاسی ضلع میں ہفتہ کو ایک المناک حادثہ کے دوران میاں بیوی اور ان کے تین ماہ کے بچے کی موت ہو گئی ۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیاجب ان کی ایس یو وی گاڑی سڑک سے الٹ کر 400 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں ایک شخص کو شدید چوٹیں آئیں۔اسٹیشن ہاس آفیسر، چسانہ، سمن سنگھ نے بتایا کہ دوپہر تقریباً 12:45 بجے، ایک بولیرو کیمپر جو ٹولی سے چسانہ جا رہا تھا، زیرو پوائنٹ کے قریب کھائی میں گر گیا، جس سے تین افراد موقع پر ہی لقمہ اجل اور ایک زخمی ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ گاڑی دھات کا ڈھیر بن گئی اور رضاکاروں کو لاشیں نکالنے میں مشکل پیش آئی۔سنگھ نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت زاہد احمد (27) ساکن بلمت کوٹ، اس کی اہلیہ سائرہ اختر (26) اور ان کے تین ماہ کے بچے کے طور پر کی گئی ہے۔مہورے کے گائوں دیول کا رہائشی عرفان احمد زخمی ہو گیا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔