عظمیٰ نیوزسروس
ریاسی //جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں ہفتہ کے روز ایک فوجی کو اس کے سسر نے مبینہ طور پر ازدواجی تنازعہ پر گولی مار کر ہلاک کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایک ولیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کے رکن دولت رام نے مبینہ طور پر کیمبل ڈنگا گاؤں میں اپنے داماد امیت سنگھ، جو ایک فوجی سپاہی ہے، پر اپنی 303 رائفل سے گولی چلائی، جس سے ان کے سینے میں چوٹیں آئیں۔پولیس نے بتایا کہ پانسا گاؤں کا رہنے والارام اپنے داماد سے ملنے آیا تھا، جو باہر تعینات تھا اور چھٹی پر اپنے گھر آیا تھا۔ تاہم اس نے یہ جاننے کے بعد کنٹرول کھو دیا کہ سنگھ نے ایک دیرینہ ازدواجی تنازعہ پر اپنی بیوی کو مارا پیٹا اور غصے میں آکر گولی چلا دی، جس سے سپاہی کو شدید چوٹیں آئیں۔فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک پارٹی جائے وقوعہ پر پہنچی اور سنگھ اور اس کی بیوی دونوں کو، جو جسمانی حملے کی وجہ سے زخمی ہوئے تھے،ہسپتال منتقل کیا۔پولیس نے بتایا کہ ابتدائی علاج کے بعد سنگھ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہسپتال جموں ریفر کیا گیا لیکن جموں جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔