سمت بھارگَو
راجوری//ریاسی ضلع کے مہور سب ڈویژن کے گلاب گڑھ علاقے میں اس وقت ایک دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا جب ایک ماں اور اس کا کمسن بیٹا اچانک آئے سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے۔ یہ حادثہ اَرہا نالہ میں پیش آیا، جہاں تیز بہاؤ کے سبب دونوں پانی میں بہہ گئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، متاثرین کی شناخت 40 سالہ زلفہ بیگم زوجہ بشیر احمداور اس کے 11 سالہ بیٹے بشارت حسین کے طور پر ہوئی ہے۔ ماں بیٹے نالہ پار کر رہے تھے کہ اسی دوران پانی کے شدید بہاؤ میں پھنس گئے۔ مقامی لوگوں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی شروع کی۔ اب تک زلفہ بیگم کی لاش نالہ سے برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ کمسن بشارت کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ پولیس اور مقامی رضا کار بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اچانک آئے پانی کے ریلے نے نہ صرف علاقے میں خوف و ہراس پیدا کیا بلکہ گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر پہنچ گئے تاکہ امدادی ٹیموں کی مدد کر سکیں۔افسران کا کہنا ہے کہ تلاش جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ گمشدہ لڑکے کو جلد بازیاب کیا جائے گا۔ اس سانحے کے بعد علاقے میں غم و سوگ کی فضا چھا گئی ہے اور لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔