ایس ڈی ایم رام نگر بیٹے سمیت لقمہ اجل،اہلیہ سمیت6زخمی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//رام نگر کے ایس ڈی ایم راجندر سنگھ اور ان کے بیٹے نے ایک سڑک حادثے میں المناک طور پر اپنی جان گنوا دی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بولیرو گاڑی میں اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ دھرماڑی سے اپنے آبائی گاؤں پٹیاں واپس جا رہے تھے۔ جب وہ سالوکھ اختر نالہ کے علاقے میں پہنچے تو اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس سے ملبہ کا بڑا بہاؤ ان کی گاڑی پر گر گیا۔ایس ڈی ایم راجندر سنگھ اور ان کے بیٹے کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ان کی بیوی اوران کے کزن وان کے اہل خانہ سمیت دیگر6افرادشدید زخمی ہو گئے۔مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی علاج کے بعد شدید زخمیوں کو ریاسی کے ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا۔سرجیت سنگھ ولدشنکر سنگھ ،ان کی بیٹیاں شرنے سنگھ دختر سرجیت سنگھ،سانویکا دختر سرجیت سنگھ ،ان کی اہلیہ پوجا راجپوت زوجہ سرجیت سنگھ ساکنان پٹیاں،دشا دختر آنجہانی راجندر سنگھ (ایس ڈی ایم)ساکن پٹیاںکے علاوہ طاہر ولد مشتاق ساکن تھورو شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے کی وجہ لینڈ سلائیڈنگ تھی، پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ المناک واقعہ مسلسل بارشوں کے درمیان خطے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کو اجاگر کرتا ہے۔مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں سے سفر کرتے ہوئے انتہائی احتیاط برتیں۔اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے’X‘پر ایک ٹویٹ میں اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا ظہار کرتے ہوئے ایس ڈی ایم رام نگر راجندر سنگھ اور ان کے بیٹے کی ہلاکت پر افسوس ظاہر کیا ہے۔انہوں نے سینئرسرکاری حکام کے ساتھ بات کر کے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین علاج فراہم کرنے اور راجندر سنگھ کے لواحقین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔