جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاسی میں آج پیش آئے سڑک حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں نائب وزیر اعلیٰ نے انسانی جانوں کے زیاں پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی اور جانبحق ہوئے افراد کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ انہوں نے اس حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کی جلد صحت یابی کی بھی تمنا ظاہر کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جا کر حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت کی۔انہوں نے کالج کی انتظامیہ کو انہیں ہر ممکن طبی سہولیات مہیا رکھنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں مارے گئے افراد کے لواحقین کو موزون معاوضہ فراہم کرنے اور زخمیوں کو علاج و معالجہ کی معقول سہولیات مہیا کرانے کیلئے ہدایت جاری کی گئی ہے۔دریں اثنادیہی ترقی و پنچایتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے ریاسی میں پیش آئے سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کی ذیاں پر گہرے صدمے اور دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں وزیر موصوف نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق ہوئے افراد کے روح کی ا بد ی سکون کے لئے دعا کی۔ اُنہوں نے سڑک حادثوں میں زخمی ہوئے افراد کی تیز تر صحتیابی کے لئے دعا کی۔ عبدالحق نے اوڑی او راننت ناگ میں پیش آئے سڑک حادثات کے دوران قیمتی جانیں ضائع ہونے پر بھی دُکھ اور صدمے اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو نے ریاسی ضلع میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں پروفیسر مٹو نے حادثے میں مارے گئے افراد کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے۔انہوں نے زخمی ہوئے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔