ریاسی//ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر ریاسی نے آج سپورٹس سٹیڈیم ریاسی میں ایک روزہ جاب فیئر کا اہتمام کیا ۔ خزانہ اور منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا نے جاب فئیر کا افتتاح کیا اور وہ اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی تھے ۔ وزیر موصوف نے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا جنہیں انیمل ہسبنڈری ، شیپ ہسبنڈری ، فشریز ، ہینڈی کرافٹ ، ہینڈ لوم ، ایگریکلچر ، ہارٹیکلچر ، ایپی کلچر ، مشروم ، شہری ترقی محکمہ ، سیریکلچر ، جے کے ای ڈی آئی ، بنک ، شو کھوڑی شرائین ، آئی سی ڈی ایس ، نرائینا ہسپتال محکمہ نے قایم کیا تھا ۔ اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ جاب فئیر کے اہتمام کا مقصد تعلیم یافتہ نوجوانوں کو حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے ۔ وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ان سکیموں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے یونٹ قائم کریں اور روز گار ڈھونڈنے والوں سے روز گار فراہم کرنے والے بنیں ۔ اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی رومیش چندر و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔