مہور( ریاسی) // تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے بی آر او کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاسی سے مہور تک68 کلو میٹر سڑک پر تعمیری کام میں سرعت لائیں۔ وزیر نے یہ ہدایات مہور میں سڑک پروجیکٹوں سے متعلق کئی سکیموں پر جاری عمل آوری کا جائیزہ لینے کے دوران جاری کیں۔ کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ، ڈپٹی کمشنر ریاسی، سُپرنٹنڈنگ انجنیئر پی ڈبلیو ڈی، اودہم پور سرکل اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سڑک کے دونوں اطراف ارتھ ورک اور حفاظتی بند بنانے کا کام لگ بھگ مکمل کیا گیا ہے۔وزیر نے ڈی سی ریاسی کو ہدایت دی کہ وہ اس سڑک پر حادثات رونما ہونے والے مقامات کی نشاندہی کریں اور ان کی مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں تا کہ مستقبل میں ایسے حادثات کو کم کیاجاسکے۔وزیر نے شاہ تور پُل اور شو راس سڑک سے بھال تک پُلوں پر جاری کام کا جائیزہ لیا جو مہور کو گلاب گڑھ سے جوڑتے ہیں۔مہور بس اڈے پر جاری تعمیراتی کام کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیرنے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تعمیری کام میں معیار کو ہر قیمت پر بنائے رکھ کر مقررہ وقت کے اندر کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔وزیر نے مٹلوٹ۔ پتیاں سڑک کے6 کلو میٹر حصہ پر جاری تعمیری کام کا جائیزہ لیا جس پر 417 لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جارہی ہے۔