جموں//ریاسی اور راجوری میں رونما ہونے والے دو الگ الگ سڑک حادثات میں 24افراد ہلاک ہو ئے جبکہ 61دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔ریاسی کے قریب ہوئے حادثہ میں کم از کم 21افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر 46شدید زخمی ہو گئے جن میں 41افراد کو نازک حالت کے پیش نظر جموں منتقل کیا گیا ۔ ریاسی سے بکال کی جانب جانے والی ائور لوڈبس زیر نمبر JK02S-0295 جیوتی پور کے قریب گورناک کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری ۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ، پولیس اور رضاکار جائے حادثہ پر پہنچے اور بچائو آپریشن شروع کیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 16مسافر موقعہ پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ دیگر 5افراد نے دوران علاج دم توڑ دیا ۔ زخمیوں میں سے 41کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے ، انہیں ہیلی کاپٹر اور ایمبولنسوں کے ذریعہ جموں کے میڈیکل کالج ہسپتال میں منتقل کیا گیا جب کہ دیگر 5زخمی ضلع ہسپتال ریاسی میں زیر علاج ہیں۔دریں اثنا راجوری میں ایک دلدوز سڑک حادثے میں جواں سال ماں اور اس کے دو کمسن بچے ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 15افراد زخمی ہوئے ۔زخمیوں میں زیادہ تعداد محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے ملازمین کی ہے بعد سہ پہر کالاکس جمولہ سے راجوری آرہی زیر نمبرJK112621منی بس بنڈی کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری ۔حادثے کے نتیجہ میں تین افراد ہلاک ہوئے جن میں ماں اور اس کے دو بچے شامل ہیں ۔مرنے والوں کی شناخت نینسی کماری زوجہ کلدیپ راج ، اس کے بچوں ادتیا شرما اور شیونیش شرماساکنان ڈھنی دھارراجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔حادثے کے فوری بعد مقامی لوگ ،محکمہ صحت کے اہلکار اور پولیس ٹیم موقعہ پر پہنچی اور تمام زخمیوں کو ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا جہاںسے ایک خاتون کو نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموںبھیجاگیاہے ۔تمام زخمیوں کو ابتدائی طور پر ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاںسے چنچل کماری کو نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے ۔