عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی کی انتظامیہ نے سالانہ بڈھا امرناتھ جی یاترا 2025 کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (ADDC) سکھ دیو سنگھ سمیال کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پینے کے پانی، بلا تعطل بجلی فراہمی، طبی سہولیات، صفائی اور دیگر اہم پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اطلاع دی گئی کہ یاترا کے پہلے قافلے کی آمد 30 جولائی کو بھمبلا میں متوقع ہے، جہاں یاتری شیو شکتی آشرم میں قیام کریں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی نے پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی محکموں کو ہدایت دی کہ شیو شکتی آشرم اور لنگر مقام پر پانی اور بجلی کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔بلاک میڈیکل آفیسر کو آشرم پر مطلوبہ طبی عملہ، ضروری ادویات اور ایمبولینس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ متعلقہ محکموں کو مخصوص مقامات پر موبائل ٹوائلٹس کی تنصیب کے لئے بھی کہا گیا۔ایڈیشنل ڈی سی نے تحصیلدار پونی اور بی ڈی او پونی کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مقامات کا مشترکہ معائنہ کریں تاکہ تمام سہولیات بروقت مکمل کی جا سکیں۔ عوامی تعمیرات محکمہ (PWD) کو ہنگامی حالات، قدرتی آفات یا سڑک بند ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کے لئے مشینری کو تیار رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی۔انہوں نے تمام محکموں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یاترا کے دوران یاتریوں کو صاف، محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔