سرینگر// سالہا سال سے تعینات رہے قریب ایک درجن سنیئر آئی اے ایس افسران کی خدمات سے ریاست محروم ہے۔ان سنیئر افسران کی خدمات کو مرکزی سرکار کے سپرد کیا گیا ہے۔اس طرح نہ صرف گورنر راج کی موجودگی میں انتظامی معاملات کا بوجھ موجودہ افسران پر پڑا ہے بلکہ سنیئر ترین افسران کی غیر موجودگی اور انکے تجربے کی خدمات سے بھی ریاست محروم ہو رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر20سنیئر ترین آئی اے ایس افسران کو مرکزی حکومت کے محکموں میں خدمات انجام دینے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی آر شرما فی الوقت مرکزی وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سیکریٹری،جبکہ راکیش کمار گپتا یونین پبلک سروس کمیشن میں سیکریٹری اور سریش کمار وزارت کوئلہ میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایک اور سنیئر افسر سدھانشو پانڈے مرکزی وزارت صنعت و حرفت میں جوائنٹ سیکریٹری،جبکہ سندیپ کمار نائک نیشنل کاپرایٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف انڈیا(این سی ڈی سی آئی) میں منیجنگ ڈائریکٹر اور ارن کمار مہتہ مرکزی وزارت ماحولیات،جنگلات و تبدیلی موسم میں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر اپنے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہی پر بس نہیں بلکہ شانت منومرکزی وزارت پارچہ جات(ملبوسات) میں ڈیولپمنٹ کمشنر(ہینڈی کرافٹس) اور بپل پاٹھک کان کنی کی مرکزی وزارت میں جوائنٹ سیکریٹری،جبکہ اشوک کمار پریمار وزارت اطلاعات و نشریات میں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس وقت جموں کشمیر کیڈر کے آئی اے ایس افسران کی مجموعی تعداد72ہیں،جن میں2زیر تربیت افسران بھی شامل ہیں،تاہم10سنیئر ترین آئی اے ایس افسران مرکزی حکومت کی خدمات میں دئیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائنانشل کمشنر شہری ترقی و مکانات کے بی اگروال،جو کہ1985بیچ کے افسر ہیں،سنیئر ترین آئی ائے افسر ہیں،جبکہ ایل کے جہا،اتل ڈھلو،امن نرولا،آر کے گوئل،شالین کابرا، دھیرج گپتا،ڈاکٹر اصغر سامون،نوین کمار چودھری،ڈاکٹر پون کوتوال،روہت کنسل اور شلیندر کمار ریاست میں ہی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں،اور یہ20سنیئر ترین آئی اے ایس افسران میں شامل ہیں۔