سرینگر // خزانہ اور محنت و روز گار کے وزیر ڈاکٹر حسیب درابو نے کم سے کم اُجرتوں پر نظر ثانی کے حوالے سے ایک میٹنگ طلب کر کے اس سلسلے میں تجاویز طلب کیں ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ معاشی اور بڑھتی قیمتوں کے مطابق تمام لیبرروں کو مراعات فراہم کی جانی چاہئیے ۔ ہُنر مند لیبر کلاس کو زیادہ مراعات فراہم کی جانی چاہئیے ۔ وزیر نے کہا کہ کم سے کم اُجرتوں پر نظر ثانی سے لیبرروں کے معیارِ حیات میں بہتری آنی چاہئیے ۔ انہوں نے افسران کو اس حوالے سے ایک ہفتے کے اندر منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر نوین کے چودھری ، لیبر کمشنر ڈاکٹر عبدالرشید اور دیگر افسران اور تجارتی انجمنوں کے نمائیندوں نے شرکت کی ۔ وزیر نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران سے کم سے کم اُجرتوں کی عمل آوری کے سلسلے میں پیش رفت رپورٹ طلب کی ۔ اس سلسلے میں اگلی میٹنگ ایک ہفتے کے اندر منعقد ہو گی ۔