سرینگر //وزیر برائے دیہی ترقی و پنچائتی راج عبدالحق نے کہا کہ حکومت ریاست میں ہر دیہات میں نوجوانوں کیلئے بہترین کھیل کود سہولیات فراہم کرنے کیلئے کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو توسیع دینے کیلئے حکومت پُر عزم ہے ۔ اس کا اظہار آج انہوں نے لار بلاک کے منی گام دیہات میں کھیل میدان کا افتتاح کرنے کے بعد وہاں موجود نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو ایم جی نریگا کے تحت 13 ویں مالی کمیشن کے ساتھ استدقاق کے تحت 54 لاکھ روپے کی لاگت سے تیا ر کیا گیا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ریاست کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیل کود میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اس صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو اپنے ہُنر کا مظاہرہ کرنے کیلئے ہر ممکن کھیل کود سہولیت دستیاب رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں میں کھیل کود کی کافی صلاحیت موجود ہے اور ضرورت انہیں صرف کھیل کود سہولیت اور موقعہ فراہم کرنے کی ہے تا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بہتر طور مظاہرہ کر سکیں ۔ عبدالحق نے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی دیہی علاقوں میں کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو تعمیر کر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں کھیل کود سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ دیہی ترقی ریاست کے ہر دیہات میں کرکٹ میدان 60:40 کی حصہ داری کی بنیاد پر قایم کرے گا جس میں محکمہ ایم جی نریگا کے تحت مزدوروں کی اجرت فراہم کرے گا ۔ بعد میں وزیر نے لار بلاک میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا اور متعلقہ حکام کو تمام زیر تعمیر پروجیکٹ مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔