جموں//سی پی آئی (ایم) کے ریاستی یونٹ نے کہاہے کہ موجودہ وقت میں ریاست جموں وکشمیرکے نوجوان بیگانگی اورتذبذب کاشکارہیں۔ریاستی اورمرکزی سرکاریں انہیں درپیش مسائل کوحل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہیں ۔اس کے بجائے دفعہ 35۔اے کوہٹانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ بیرون ریاست کے لوگوں جنھوں نے ریاست میں جائیدادیں حاصل کررکھی ہیں کے لئے قانونی راستہ صاف کیاجاسکے ۔ایک ایسے وقت میں جبکہ کشمیرکے لوگوں کابیگانگی کااحساس انتہاکوپہنچ چکاہے ،حکومت کوچاہیئے کہ وہ صورتحال سمجھے اور اس ضمن میں ٹھوس اورکارگرقدم اُٹھائے۔ان خیالات کااظہار سینئرسی پی آئی (ایم ) لیڈر ورکن قانون سازاسمبلی ایم وائی تاریگامی نے کیا۔انہوں نے کہاکہ آرایس ایس کشمیری لوگوں میں پائے جارہے بیگانگی کے احساس کوکم کرنے کے بجائے زخم پرنمک چھڑکربیگانگی کے اس احساس کومزیدگہراکررہی ہے۔تاریگامی پارٹی کی علاقائی کمیٹی کی یک روزہ کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔