پونچھ//پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غُلام احمد میر کے ریاستی وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی کو مستعفی ہوجانے کے مشورے کو ایم ایل اے حویلی شاہ محمد تانترے نے ایک سیاسی شعبدہ بازی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ شائد غُلام احمد میر یہ نہیں جانتے کہ کشمیر کو اس صورتِ حال تک لے جانے والی واحد جماعت کانگریس ہی ہے جس نے بخشی غُلام احمد کے دور سے ریاست کو حاصل خصوصی دفعہ 370 کو کمزور کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ موصوف نے کہا کہ اب عوام کے سامنے محض ڈرامہ بازی کرکے ایسے سیاسی بیانات کا کیا فائدہ ہے جبکہ عوام بہتر طور جانتے ہیں کہ اس خصوصی پوزیشن کو کمزور تر بنانے میں رہی سہی کسر کانگریس اور نیشنل کانفرنس اکارڈ نے نکالی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار شاہ محمد تانترے حدِ متارکہ پر رہنے والے موضع سلوتری کے عوام سے اپنی رہائش گاہ پرایک مُلاقات کے دوران کر رہے تھے ۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے ، اُنہیں بُنیادی سہولیات بہم پہنچانے اور بے روز گار نوجوانوں کو روز گار مہیا کرانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اس دوران عوام کی ایک کثیر تعداد نے مُختلف سیاسی جماعتوں سے اپنا تعلق توڑ تے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ نئے شامل ہونے والے افراد نے کہا کہ وہ ایم ایل اے حویلی کی غریب پروری ، نادار طبقہ سے اُن کے دوستانہ روّیہ اور تعلقات سے متاثر ہو کر پی ڈی پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ نئے شامل ہوئے افراد میں ہدایت اللہ، نمبر دار فیض محمد ، حاجی محمد نظیر ، حاجی محمد حُسین، محمد شفیق ، محمد خوشحال ، رحمت اللہ ، مولوی محمد فاروق ، محمد مسعود ، محمد یوسف ، محمد اسلم، محمد جہانگیر ، سُلطان احمد ، وحید احمد ، محمد جہانگیر ، سجاد احمد ، لیاقت حُسین ، فقیر حُسین اور محمد حنیف قابلِ ذکر ہیں۔ اس موقعہ پر اُن کے ہمراہ چوہدری محمد شفیع مِیلو ، حاجی محمد یوسف شیخ اور چوہدری باغ حُسین بھی موجود تھے۔