سرینگر//ہینڈی کرافٹس ، سیاحت اور باغبانی جیسے ریاستی روایتی صنعتیں دنیا بھر میں مشہور ہیں۔اس بات کا اظہار وزیر اعلیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو نے یہاں بی آر آئی ای ایف کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر مٹونے کہا کہ کشمیرمیں ایسے بے شمار وسائل موجود ہیں جنہیں پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔مٹو نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ریاست کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر انہیں ایک پلیٹ فارم فراہم کریں تاکہ وہ اپنی قابلیت اور صلاحیت کا اظہار کرسکیں۔مٹو نے کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف علوم سے روشنا کرنا ہوگا جس کی بدولت وہ سماج میں ایک مثبت عکس کو تعمیر کرنے میں مدد دیں گے ۔انہوںنے بی آر آئی ای ایف تقریب کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو روشن کرنے اور انہیں خوشحالی فراہم کرنے کے تمام اقدامات پر کام کر رہی ہے۔اس موقعہ پر وزیر مملکت برائے تعلیم پریا سیٹھی بھی موجود تھیں۔انہوںنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی نوجوانوں کی بہبودی کے لئے ریاستی سرکار تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔