سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے پی ڈی پی اور بھاجپا اتحاد سے سوال کیا ہے کہ ریاست کے کتنے وزیر اعلیٰ ہیں اور یہ بھی درخواست کی ہے کہ براہ مہربانی جموں وکشمیر کے وزرائے اعلیٰ کی فہرست شائع کروائی جائے ۔ناصر وانی نے کہا ہے کہ ایک طرف وزیر اعلیٰ آفس سے انتظامیہ کے افسران کو یہ ہدایت جاری کی جاتی ہے کہ محبوبہ مفتی کے اہل خانہ کے احکامات کو وزیر اعلیٰ کے احکامات سمجھ کر ان پر من و عن عمل کیا جانا چاہئے اور دوسری جانب پولیس کے اعلیٰ افسران وردی زیب تن کئے بھاجپا جنرل سکریٹری رام مادھو کے پاس بھاجپا ہیڈکوارٹر میں رپورٹ کرتے ہیں اور انہیں ریاست کے حالات کے بارے میں مفصل تفصیل فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اعلیٰ ترین پولیس افسر کا ڈیوٹی کے دوران کا وردی زیب تن کئے بھاجپا آفس میں رام مادھو سے ملنا ریاست کے اندر انتظامی قواعد و ضوابط کے خاتمے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناگپور اور نئی دلی سے ریاست کے معاملات اور فیصلہ جات طے کرنا بھی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ ناصر وانی نے سوال کیا ہے کہ ریاست کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ہیں ،رام مادھو ہیں، نرمل سنگھ ہیں، اجیت دوول ہیں، محبوبہ کے بھائی تصدق مفتی ہیں ، مامو سرتاج مدنی یا پھر محبوبہ مفتی کے دیگر اہل خانہ۔ اس بات کی وضاحت کرنا لازمی ہے کیونکہ ایک سے زیادہ جگہوں سے احکامات صادر ہونے سے انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیاں افراتفری اور کنفیوژن کا شکار ہوگئیں ہیں۔