سرینگر //گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے کہا ہے کہ ریاست میں کھیل کود کو فروغ دینے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں تا کہ ہُنر مند نوجوانوں کو اپنے ہنروں کا مظاہرہ کرنے کیلئے بھر پور مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔ ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وجے کمار نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے فروغ سے کھیل کود کو نئی اونچائیوں تک لے جایا جائے گا ۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ کنونشن کا مقصد کھیل کود کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کیلئے نوجوانوں سے تجاویز طلب کرنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ نے کشمیر میں 580 جگہوں کی نشاندہی کی ہے جہاں کھیل کود سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جائے گا ۔ سیکریٹری یوتھ سروسز سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ کھلاڑیوں کو بہتر خدمات اور مواقع فراہم کرنے کیلئے تندہی سے کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلو انڈیا پروگرام کے تحت ہر بلاک میں کھیل کود سے متعلق سرگرمیوں کیلئے دس لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں جبکہ ہر ضلع میں چار کروڑ روپے فی کس کی مالیت سے انڈور ہال تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ کنونشن کشمیر ڈویژن اور لیہہ و کرگل کے اُن نوجوانوں کے اعزاز میں منعقد ہوا جنہوں نے ریاستی ، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست کا نام روشن کیا ہے ۔کنونشن کے دوران مختلف سکولی طلبا نے سٹیج پر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ بعد میں مختلف کھلاڑیوں میں مومنٹوز بھی تقسیم کئے گئے ۔