جموں//ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر میںامن کی فضا کو مکدر کرنے کی خاطر جنگجوﺅں کو دھکیلنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے جس کے لیے وہ آئے روز جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کررہا ہے تاہم فوج و فورسز پاکستانی گولہ بھاری کا بھرپور اور مناسب جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ گورنر نے بتایا کہ پاکستان فی الوقت شکست خوردگی کا شکار ہے ،کیوں کہ وہ اس پار جنگجوﺅں کو دھکیلنے میں بری طرح سے ناکام ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج پاکستانی جارحیت کا بھر پور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان اپنی طرف سے جنگجوﺅں کو اس پار دھکیلنے میں ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے تاہم ہماری فوج ان کا مقابلہ کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔گورنر کا کہنا تھا کہ ریاست جموں وکشمیر میں گزشتہ برس پنچایتی و بلدیاتی انتخابات پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئے لیکن پاکستان اس کو پرامن طورپر منعقد کرانے کا روادار نہیں تھا اسی لیے وہ یہاں کی موجودہ صورتحال سے ناخوش دکھائی دے رہا ہے۔گزشتہ دنوں لائن آف کنٹرول پر زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی میجر کی ہلاکت پر بات کرتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک نے بتایا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے پاکستان کی فرسٹریشن عیاں ہوتی ہے۔ انہوں نے حزب چیف سید صلاح الدین پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنگجوﺅں کو امن کی فضا کو مکدر کرنے کے لیے کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہیں ،تاہم عوام اور فوج کے مشترکہ تعاون نے جنگجوﺅں کے منصوبوں کو خاک میں ملایا۔گورنر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور عوام کے مشترکہ تعاون سے فی الوقت ریاست میں مکمل طور پر امن بحال ہے۔