نئی دہلی// وادی میں فورسز کی خود کشی کرنے کے گراف میں اضافہ ہورہا ہے۔مرکزی سرکار نے کہا ہے کہ گزشتہ3برسوں کے دوران ریاست میں37فورسز اہلکاروں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ خود کشی کرنے کے واقعات سے متعلق اعدادو شمار ظاہر کرتے ہوئے مرکزی سرکار نے کہا ہے تقریباً ایک فرد کے حساب سے اس مدت میں ہر ماہ کے دوران ایک فورسز اہلکار نے خود کشی کی۔ راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کرن رجیجو نے کہا کہ ان خودکشیوں کے وجوہات عمومی ہیں جن میں ازوجی اختلافات،ذاتی عناد،نفسیاتی بیماریاں،ذہنی دبائو اور کام کرنے سے متعلق مسائل ہیں۔انہوں نے گزشتہ3برسوں کے اعدادو شمار کو سال در سال ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فورسز کے کام کرنے سے متعلق حالات کو بہتر بنانے کیلئے کئی ایک اقدامات اٹھائے ہیں،جن میں بہتر طبی سہولیات بھی شامل ہیں۔ کرن رجیجو نے مزید بتایا کہ فورسز اہلکاروں کے ماہرین کے ساتھ بھی بات چیت کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ انکے ذاتی اور نفسیاتی خدشات کو دور کیا جائے،جبکہ ذہنی دبائو کو ختم کرنے کیلئے خصوصی یوگا کلاسوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ کرن رجیجو نے مزید کہا کہ متواتر بنیادوں پر فورسز اور کمانڈروں کے درمیان بات چیت،کشیدگی کو دور کرنے کیلئے کیپشول کورسز،مناسب آرام اور ریلیف کے علاوہ رہائشی سہولیات کی بہتری جیسے اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔