راجوری //بی جے پی کے ایم ایل اے نوشہرہ رویندر رینہ نے ریاست میںشراب بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی فوج کی طرف سے ٹریڈ سنٹر کونشانہ بنائے جانے کے بعد حد متارکہ سے اس ملک کے ساتھ تجارت فوری طور پر معطل کی جانی چاہئے ۔ضلع بورڈ میٹنگ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رینہ نے کہاکہ انہوںنے شراب بندی کا مطالبہ میٹنگ کے دوران بھی کیا ۔ان کاکہناتھا’’میں مانگ کرتاہوں کہ جموں کشمیر میں مکمل طور پر شراب پر پابندی عائد کی جانی چاہئے اوراس سلسلے میں نے حالیہ اسمبلی سیشن میں بھی یہ مدعا اٹھایا‘‘۔تاہم ان کاکہناتھاکہ حکومت اس مانگ پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ آج پھر دوبارہ انہوںنے ضلع بورڈ میٹنگ میں یہ معاملہ اٹھایا کہ راجوری ضلع میں شراب پر پابندی ہونی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ شراب نے پورے سماج کو تباہ کردیاہے اور اخلاقی اقدار پامال ہورہی ہیں ۔چکاں داباغ ٹریڈ سنٹر کی مارٹر شل سے تباہی پر انہوںنے کہاکہ یہ صحیح وقت ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت بند کی جائے ۔