سرینگر// بھارتیہ جنتا پارٹی جموں وکشمیر میں حکومت کے تین سال مکمل ہونے کے سلسلے میں 11 مارچ کو ایک ریلی کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ’پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت نے اپنے تین سال کامیابی کے ساتھ مکمل کئے ہیں۔ اس سلسلے میں 11 مارچ کو یہاں دسہرہ گراو¿نڈ میں ایک ریلی کا انعقاد کیا جائے گا‘۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت نے ایجنڈا آف الائنس کے مطابق تینوں خطوں کے لوگوں کی خواہشات اور مطالبات کو پورا کرنے کی کامیاب کوششیں کی ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ ریلی میں کارکنوں کی بھاری شرکت متوقع ہے۔ اس میں بی جے پی کی مرکزی و ریاستی لیڈرشپ بھی شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا’وزیراعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، قومی جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) رام لال، بی جے پی ممبران پارلیمنٹ، وزراءاور ممبران اس ریلی میں شرکت کریں گے‘۔