سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ ریاست کے موجودہ حالات اقتصادی بدحالی، معاشی بحران حد سے تجاوز کر گئی ہے۔موصولہ بیان میں کہا گیا کہ پی ڈی پی بھاجپا سرکار کے 3سالہ دور حکومت میں اہل کشمیر کو ظلم وستم، عدم تحفظ اور ماردھاڑکا شکار بنایا گیا ۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر صوبہ جموں اور کشمیر کے سینئر لیڈران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کے پیش نظر عنقریب ریاستی سطح کے پارٹی کنونشن کا انعقاد ہوگا جس میں پارٹی کے ڈیلی گیٹ ،پارٹی لیڈران اور عہدیداران کو مدعو کیا جائے گا۔ کنونشن میں پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی موجودگی میں لیڈران اپنی اپنی آراء سے کنونشن کو آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ریاستی کی موجودہ سیاسی صورتحال، امن و قانون کے حالات اور تنظیمی امورات پر غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، سینئر نائب صدر چودھری محمد رمضان، صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا، سابق وزیر عبدالغنی ملک، سینئر نائب صدر صوبہ جموں ٹھاکر کشمیرا سنگھ، سکریٹری صوبہ کشمیر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، جوائنٹ صوبائی سکریٹری غلام نبی بٹ کے علاوہ کئی عہدیداران موجود تھے۔