سرینگر//تعلیم ،تکنیکی تعلیم ، تمدن ، سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کہاہے کہ ریاست دنیا کی سب سے اعلیٰ سیاحتی آماجگاہ ہے جہاں پھولبانی ، باغبانی ودیگر اہم شعبہ جات میں زبردست انقلاب لایا گیا ہے اور جو ریاست کی اقتصادیت کو دوبالا کر نے میں اہم کردار نبھا رہے ہیں۔وزیرجے اینڈ کے ٹور اینڈ ٹریول آپریٹرس 2017 کے متاثر کن ایوارڈ اور حوصلہ افزائی کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کی کلہم ترقی کے لئے 80,000کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں سے نئے سیاحتی پروجیکٹوں اور ٹورسٹ سرکٹوں کو ترقی دینے کے لئے 2241کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 50 ٹورسٹ ولیجز بھی قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہری ترقی سیکٹر کے لئے 2312کروڑ فراہم کئے گئے ہیں جس میں سمارٹ سیٹز کو ترقی دینا اور سوچھ بھارت مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنا شامل ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ سب سے اہم پروجیکٹ روڑ اینڈہائی وے پر 42611 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جس میں زوجیلہ ٹنل کی تعمیر ، جموں وسرینگر میں سمی رِنگ روڑس کی تعمیر و دیگر پروجیکٹ شامل ہے۔