جموں// ریاست جموں وکشمیر کو بھارت کے آئین میں ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے ، اس طرح ریاست کی اپنی حساسیت اور امیدیں ہیں جنکی عکاسی جی ایس ٹی سے جڑے مواقع اور چیلنجوں میںہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خوراک اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہاکہ اس طرح ریاست کی اپنی حساسیت اور امیدیں ہیں جنکی عکاسی جی ایس ٹی سے جڑے مواقع اور چیلنجوں میںہوتی ہے۔ریاست کے تاجروں کے مفادات کو بالخصوص اور عوامی مفادات کو بالعموم تحفظ فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی جی ایس ٹی کا نفاذعمل میں لایاجائیگا۔پی ایم یووائی کے مستحقین میں رسوئی گیس کنکشن تقسیم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا’’ ریاستی قانون سازیہ کا اگلا اجلاس جی ایس ٹی کو احسن طریقے پر لاگو کرنے کیلئے ہوگا جس کا مقصد لوگوں کی بہبودی ہے اور بصورتِ دیگر عوام پر دوہرے ٹیکس کا بوجھ پڑے گا۔‘‘ اس موقعہ پر انہوں نے مستحقین میں 300نئے رسوئی گیس کنکشن تقسیم کئے اور اس طرح پی ایم یو وائی کے تحت آنے والے مستحقین کی کل تعداد42411 ہو گئی ہے جوکہ مقرر کئے گئے نشانے کا 69فیصد ہے اور اس طرح جموں وکشمیر اس سکیم کی عمل آوری میں اوّل نمبر پر ہے۔وزیر موصوف نے اس سکیم کی عمل آوری میں شفافیت ، جواب دہی ، احساس ذمہ داری اور اعلیٰ معیار اپنانے کے علاوہ مختلف محکموں اور ایجنسیو ں کے درمیان مستحکم تال میل کی ستائش کی ہے۔وزیر نے کہا کہ اگر چہ ریاست جموں وکشمیر کا نام اس سکیم کے لئے آخری لمحات میں درج کیا گیا تاہم ہماری ریاست نے اس سکیم کی عمل آوری میں باقی ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ اہداف حاصل کئے ہیں۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ آلودگی پیدا کرنے والی رسوئی تپ دق کی سب سے بڑی وجہ ہے او راسے ہندوستان میںہر سال پانچ لاکھ اموات واقع ہوتی ہیں جن کو روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک و امور صارفین نے اس سکیم کو مشن موڈ کے تحت عملایا ہے ۔ذوالفقار علی نے ملک کی خواتین اور بچوں کے لئے مفید سکیم کا تصور دینے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارک باد دی۔وزیر موصوف نے ہر کسی کی بہبودی کیلئے صاف ستھری اور صحت مند ریاست اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہنمائی میں خواتین کو بااختیار بنانے کے نظریے کو آگے بڑھانے کا حکومت کا عزم دہرایا ۔وزیرموصوف نے ریاست میں پی ایم یو وائی کی طرح نفسا کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ خوراک و امور صارفین کے افسرا ن کو مزید لگن ، تن دہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے محکمہ ناپ تول کو قائم کی جارہی لیبارٹری سے بھر پور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔اس موقعہ پر درجہ فہرست ذاتوں کی ترقی اور بہبودی کے لئے ریاستی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین بھوشن لعل ڈوگرہ، محکمہ خوراک و امور صارفین کے سیکرٹری شفیق رینہ ،ضلع ترقیاتی کمشنر کمار راجیو رنجن ،ناظم خوراک و امور صارفین آر کے انقلابی بھی موجود تھے۔بعد میں ذوالفقار علی نے نظامت خوراک و امور صارفین کی زیر تعمیر عمارت کامعائینہ کیا ۔ یہ عمارت وئیر ہاوس جموںمیں 10کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے۔ انہوںنے اس پروجیکٹ کو فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف نے ملیرس ایسو سی ایشن او رلیبر یونین کے ایک وفد سے ملاقات کر کے ان کے مطالبات سنے اور جائز مطالبات کو پورا کرنے کا یقین دلایا۔