جموں//صدر جمہوریہ نے ریاستی ہائی کورٹ کے لئے تین ججوں، ایس کے شکلاء، سنجے گپتا اور ایم کے ہنجورہ کی تقرری کا حکمنامہ جاری کر دیا ہے، اس طرح ریاستی ہائی کورٹ میں ججوں کی تعداد 9سے بڑھ کر 12ہو گئی ہے ۔مرکزی قانون و انصاف وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تینوں جج جس تاریخ سے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالیں گے اسی روز سے ان کی تعیناتی تصور کی جائے گی۔ ایم کے ہنجورہ اس وقت فوڈ سیفٹی اپیلیٹ ٹربیونل کے پرزائڈنگ افسر کے طور پر تعینات ہیں اس کے ساتھ ہی وہ نیشنل کمپنی لاءٹربیونل کے بھی ممبر ہیں۔ سنجے کمار گپتا پرنسپل سیشن جج جموں کے طور پر تعینات ہیں جب کہ ایڈوکیٹ ایس کے شکلاءپچھلے کئی برسوں سے ہائی کورٹ میں پریکٹس کر رہے ہیں۔ ریاستی ہائی کورٹ میں چیف جسٹس سمیت ججوں کی منظور شدہ اسامیاں17ہیں لیکن اس وقت صرف 9جج تعینات ہیںجن میں جسٹس آر سدھاکر، جسٹس یعقوب میر، جسٹس الوک ارادھے، جسٹس علی محمد ماگرے، جسٹس دھیرج سنگھ، جسٹس تاشی ربستان، جسٹس جنک راج کوتوال اور جسٹس بی ایس والیہ کے علاوہ چیف جسٹس بدر دریز احمد شامل ہیں۔ نئے ججوں کی تقرری سے ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد 12ہو جائے گی۔ایس کے شکلاءکا تعلق تحصیل بسوہلی سے ہے انہوں نے 1989میں جموں ہائی کورٹ میں بطور ایڈوکیٹ پریکٹس شروع کی اور اس دوران کئی محکمہ جات کے سرکاری وکیل بھی رہے ۔ ایم کے ہنجورہ نے 1976میں ڈگری کالج بمنہ سرینگر سے گریجویشن کرنے کے بعد کشمیریونیورسٹی سے ایل ایل بی کی اور بڈگام ضلع عدالت میں پریکٹس شروع کی۔ 1987میں منصف تعینات ہوئے، 2003میں سب جج بننے کے بعد سپیشل جج انٹی کورپشن، چیئر مین سیلز ٹیکس ٹربیونل اور پرنسپل سیشن جج کٹھوعہ کے طور پر خدمات سرانجامدے چکے ہیں۔ سنجے گپتا 1961کو پیدا ہوئے ، سائنس کالج سے گریجویشن اور جموں یونیورسٹی سے قانون کی پڑھائی پڑھنے کے بعد پریکٹس شروع کی،2004میں سیشن جج کے طور پر تعینات ہونے کے بعد ایڈیشن ڈسٹرکٹ جج ڈوڈہ کے بعد جموں و سرینگر سیشن کورٹ میں ایڈیشنل اور پرنسپل سیشن جج رہ چکے ہیں۔