سرینگر/جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے بدھ کو کہا کہ اُن کی انتظامیہ ریاست کے اندر جاری صدر راج کے فوری خاتمے کے حق میں ہے لیکن ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہی لینا ہے۔
جب اُن سے پوچھا گیا کہ اُن کی انتظامیہ منتخب حکومت کو اقتدار سونپنے کے حق میں نہیں ہے تو اُنہوں نے صاف انکار کیا۔
گورنر ملک نے سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کو بتایا''ہم صدر راج کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں لیکن اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہی لینا ہے''۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بھی حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو ہی لینا ہے تاہم اُنہوں نے اشارہ دیاتھا کہ اس ضمن میں لوک سبھا انتخابات کے بعد کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔
جموں کشمیر پر19جون2018کوگورنر راج نافذ کیا گیا جب پی ڈی پی۔ بھاجپا اتحاد ٹوٹ گیا۔اس کے بعد ریاست کو براہ راست صدر راج کے تحت لایا گیا جو کہ ایک آئینی مجبوری ہوتی ہے۔