نئی دہلی //صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے یہاں ٹیکسٹائیلز کی مرکزی وزیر سمرتی زبین ارانی کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں ٹیکسٹائیلز سیکٹر سے جُڑے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ کے دوران چندر پرکاش گنگا نے مرکزی وزیر کو مرکزی وول ڈیولپمنٹ کو بھیجے گئے مختلف پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی اور کہا کہ پی ایم ڈی پی کے تحت یہ پروجیکٹ 50 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ وزیر نے جموں میں انڈین انسٹی چیوٹ آف ہینڈ لوم ٹیکنالوجی قایم کرنے کے ساتھ ساتھ ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ ٹیکنالوجی سے متعلق ڈپلومہ کورس متعارف کرانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ گنگا نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ وہ میگا کارپٹ کلسٹر سکیم کے تحت 8000 جدید کارپٹ لوم تقسیم کرنے کی سکیم سے متعلق رقومات کی 5.57 کروڑ روپے کی حتمی قسط واگذار کرائیں ۔ مرکزی وزیر نے ابھارے گئے معاملات کے تناظر میں مثبت ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر کو یقین دلایا کہ مرکز اس سیکٹر کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔