سرینگر// بی جے پی کے جنرل سیکریٹری(آرگنائزیشن) اشوک کول نے منگل کو کہا کہ جموں کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کیلئے وہ پُر امید ہیں۔سرینگر میں بی جے پی ہیڈ کواٹر پر منعقدہ26جنوری کی تقریب کے دوران پرچم کشائی کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اشوک کول نے کہا’’ پارلیمنٹ کے اندر وزیر اعظم ہند نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ جموں کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا‘‘۔جب ان سے پوچھا گیا کہ ریاستی درجے کی بحالی کیلئے کتنا وقت لگے گا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس پر کوئی بھی رائے زنی نہیں کریں گے،کیونکہ یہ جموں کشمیر کی صورتحال پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا’’تاہم میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر میں حالات تیزی کے ساتھ معمول پر آرہے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’آج یوم جمہوریہ کی تقاریب وادی کے اطراف و اکناف میں پرامن ماحول میں ہورہی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی‘‘۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ حد بندی کمیشن عنقریب اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔اس سے قبل بھاجپا لیڈروں اور کارکنوں نے پارٹی ہیڈ کواٹر میں ترنگا لہرایا،جس کے دوران انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ370کی تنسیخ کے بعد وادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا’’ دفعہ370اور35ائے کی تنسیخ نے کشمیر میں ترقی کی راہوں میں کھڑی رکاوٹوں کو دور کیا۔انہوں نے لوگوں کو بی جے پی پر بھروسہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔