عظمیٰ نیوزسروس
جموں//عمر عبداللہ کی سربراہی والی کابینہ کی جانب سے جموں و کشمیر کے لئے ریاست کا درجہ بحال کرنے کی قرارداد منظور کرنے کے چند گھنٹے بعد، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چُگ نے اس اقدام کو چشم کشا قرار دیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس طرح کے ہتھکنڈوں کا سہارلیکر محض گیلری میں کھیل رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں ترون چْگ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے پہلے ہی جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کاکہناتھاکہ وزیراعظم مودی نے پہلے ہی مرکز کے زیر انتظام علاقے کو ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اور، وزیراعظم مودی جو بھی وعدہ کرتے ہیں، وہ اسے پورا کرتے ہیں۔ترون چگ کامزید کہناتھاکہ مودی جی نے اب تک جتنے بھی وعدے کیے ہیں وہ پورے کئے ہیں۔ امن کی بحالی ہو، ترقی ہو، اعتماد ہو یا بروقت انتخابات کا انعقاد۔ ایک بھی وعدہ باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری نے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے ہر معاملے پر سیاست کرنے کا الزام لگایا۔